(14) ڈومیسٹک وائلنس کب تک گھریلو معاملہ ؟/ کالم۔ سچ تو یہ ہے

(14) ڈومیسٹک وائیلنس

کب تک گھریلو معاملہ؟

تحریر: ممتازملک.پیرس


ہمارے ہاں 80 فیصد خواتین اپنےہی گھروں میں اپنے ہی گھر والوں کے ہاتھوں تشدّد کا شکار ہوتی ہیں ۔ یہ بات ایک پروگرام میں سنتے ہیں دل میں ایک پرانی یاد کا درد اٹھا۔  یہ اس وقت  کی بات ہے جب میں شاید نویں یا دسویں جماعت کی طالبہ تھی بہت زیادہ جوشیلی بھی تھی  کہ ہر ایک کا مسئلہ میرا ہی مسئلہ لگتا تھا ، حاضر جواب بھی اور بلا کی جنرل نالج بھی تھی کہ ہر ایک لاجواب ہو جائے ۔ حد سے زیادہ خود اعتمادی نے ہر ایک کے پھڈے میں ٹانگ اڑانے کا عادی کر دیا تھا ۔ یہ انہی دنوں کی کربناک یاد ہے جب  میں ایک  قریبی جاننے والی خاتون کو آئے دن اپنے شوہر کے ہاتھوں اکثر پٹتے دیکھا کرتی تھی ۔ مجھے اس بات کی اس وقت سمجھ نہیں آتی تھی کہ یہ خاتون بیٹوں کی ماں ہو کر بھی ، ہر خوبی رکھتے ہوئے بھی ،اس سانڈ نما شوہر سے کیوں پٹتی ہیں ، کیوں اسے گھما کر ایک ہاتھ رسید نہیں کرتی ،  کیوں اس کی ٹانگ نہیں توڑتی. بےگناہ کیوں اتنا تشدّد برداشت کرتی ہیں ۔ کم عمری میں جب عملی زندگی کے تجربات بھی رہنما نہ ہوں تو ایسے سوالات صرف پریشان ہی کرتے ہیں لیکن ہر بات کی ایک حد ہوتی ہے ۔ اس کا شوہر مارپیٹ میں یہ تک بھول جاتا تھا کہ وہ یہ وار ایک گوشت پوست کی بنی کمزور عورت پر کر رہا ہے یا کسی پتھر کی دیوار پر . خاص بات یہ کہ اس مار پیٹ کی وجہ کوئی بڑی بات ہونا بھی ضروری  نہیں تھا ۔ کبھی اس بات پر پِیٹ دیا کہ سبزی والے سے سبزی لیتے  ہوئے بات کیوں کی . دودہ والے نے تمہاری آواز کیوں سنی . میرے آتے ہی دروازہ کیوں نہیں کھلا . رونی صورت کیوں بنا رکھی ہے ؟ تمہاری ماں مر گئی ہے کیا ؟ ہنس کیوں رہی ہو تمہاری ماں کا بیاہ ہےکیا؟کھانا میز پر پہلے سے کیوں نہیں لگادیا  یا پہلے کھانا کیوں لگا دیا ، آج فل فرآئی انڈا بنانا تھا ہاف فرائی کیوں بنادیا . افوہ ہاف فرائی انڈا کیوں بنایا ہے . گلاس میں پانی آدھا کیوں ڈالا . گلاس پورا کیوں بھرا ۔ پانی ضائع کرتی ہو. یہ سب جان کر آپ کو بھی لگے گا کہ ایسی باتوں پر جھگڑنے والا یقینََا کوئی ذہنی مریض ہی ہو سکتا ہے ۔ کوئی نارمل آدمی تو یہ سب کبھی نہیں کریگا ہم بھی یہ سب دیکھتے ہوئے اس خاتون کی مدد کا ارادہ کر بیٹھے اس خاتون کی رام کتھا اور اس پر ہونے والے ظالمانہ تشدّد کی رپوٹ  بنا کر ہم نے اس وقت کے ایک ایسے ادارے کے نام بھجوا دی کہ جو ان دنوں ایسے معاملات پر ایکشن لینے کا مجاز تھا  تاکہ اس خاتون کو کوئی قانونی تحفظ حاصل ہو سکے اور سرکار اس خاتون کے ظالم شوہر کا مزاج ٹھیک کر سکے ۔  بڑے دنوں کے انتظار کے بعد آخر کو اس ادارے کی جانب سے ایک دو لائن کا جواب موصول ہوا کہ ”یہ ایک گھریلو معاملہ ہے اور ہم اس سلسلے  میں کچھ نہیں کر سکتے ”یہ سن کر وہ وہ خاتون  زاروزار روئی اور بولی” بیٹا میں نے کہا تھا نا کہ یہ ساری کتابی باتیں ہیں۔ کتابوں میں ہی ہوتی ہیں مجھ جیسی عام سے گھر کی عورت کو بچانے کے لیئے کوئی پاکستانی قانون نہیں آئے گا۔ مجھے بچا کر کس کے کندھے کے پھول بڑھ جائیں گے یا کس کو کون سی بڑی منسٹری مل جائےگی. ہمیں تو ہمارے ماں باپ اس لیئے بیاہ دینے کے بعد  ملنے نہیں آتے کہ کہیں شوہر  سے لڑ کر ان کا آسرا لینے بیٹی ان کے ساتھ ہی نہ چل پڑے   . میں نے اسی آدمی کے ہاتھوں مار کھاتے کھاتے مر جانا ہے .”اور میں سوچنے لگی کہ اسی گھریلو تشدّد میں جب کوئی بھی کسی کے ہاتھوں قتل ہو جاتا ہے تو پولیس اور قانون کس منہ سے ٹھیکیدار بن کر آ جاتے ہیں . صرف اپنی جیبیں گرم کرنے کے لیئے ، جہاں کبھی لاش ضبط کر کے پیسہ بنایا جارھا ہے ، کبھی پوسٹ مارٹم کے نام پر لوگوں کو نچوڑا جاتا ہے ، تو کبھی خود کشی ظاہر کرنے کے لیئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا جاتا ہے ، کیوں ؟؟؟؟؟؟ تب بھی تو یہ ایک گھریلو معاملہ ہی ہوتا ہے . آخر یہ گھریلو معاملہ کی پاکستانی قانون میں وضاحت ہے کیا ؟ آج اتنے سال گزرنے پر بھی میں اسی سوال پر کھڑی ہوں اور اس واقعہ کے کچھ عرصے بعد میں نے دیکھا کہ اس کا حسین وجود ایک کمزور بدرنگ سی شے کی طرح ایک کفن میں لپٹا جنازے کی صورت رواں تھا اور اس کی ادھ کُھلی آنکھیں جیسے مجھے کہہ رہی ہوں کہ” دیکھا میں نے کہا تھا نا کہ کوئ پاکستانی  قانون کسی عام سی پاکستانی خاتون کا بنا کسی مفاد کے کبھی کوئی بھلا کرنے نہیں آئے گا “. میرا سر جھک گیا اور بیساختہ میری آنکھوں سے آنسوؤں کی جھڑی لگ گئی . ….

●●●               

      تحریر ۔ممتازملک       

          مجموعہ مضامین: سچ تو یہ ہے 

   اشاعت: 2016ء   

      ●●●        

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں